سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی ال فیصل نے مغربی ممالک کی دوہری پالیسیوں پر شدید تنقید کر دی ہے۔فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی نے کہا کہ مغربی دنیا نے عجیب دوہری پالیسیاں اپنائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری مغربی دنیا نے روس کے خلاف تمام تر پابندیاں عائد کردی ہیں لیکن 50 برسوں میں اسرائیل پر مغرب نے ایک پابندی تک عائد نہیں کی۔
سعودیہ کے سابق انٹیلی جنس چیف نے مزید کہا کہ میڈیا میں سعودی، اسرائیل تعلقات کے قیام پرشائع رپورٹس صرف صحافتی باتیں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کیلئے سعودی عرب نے واضح شرائط رکھی ہیں، اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا قیام خودمختار فلسطینی ریاست سے مشروط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی ہو، یہ شرائط مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے کا حصہ ہے۔