صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جمہوریت کے تسلسل، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی اور انتہا پسند قوتوں کے خاتمے کے لیے اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح کے 147ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم قوم کے عظیم محسن تھے جن کی انتھک محنت سے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم نے امت مسلمہ کے حقوق کی وکالت کی۔
صدر نے کہا کہ موجودہ حالات اتحاد اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے بابائے قوم کے وژن اور ان کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا تقاضا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی نظریات، اخلاقی اقدار، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اتحاد، امید اور انصاف پر زور دیا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول بحیثیت قوم سب کے لیے رہنما اصول ہونے چاہئیں تاکہ اس جمہوری ریاست کا ادراک ہو جس کا تصور بانی نے دیا تھا۔
وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت اپنے بے مثال کردار اور غیرمعمولی صفات کی وجہ سے رہنمائی کی کرن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے عزم اور غیرمتزلزل ارادے نے مسلمانوں کو اپنی جدوجہد کے تسلسل اور اپنے عظیم مقصد کے حصول کی راہ میں تمام آزمائشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پختہ عزم اور حوصلے سے دوچار کیا۔
نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے اتحاد، نظم و ضبط اور ایمان کے سنہری اصولوں کو اپنانے پر زور دیا۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی تخلیق کو ممکن بنایا جہاں تمام شہریوں کو رنگ، ذات، مذہب اور زبان کی تفریق کے بغیر رہنے اور ترقی کرنے کے یکساں مواقع میسر ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور ایک علیحدہ آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
نگراں وزیر نے کہا کہ قائداعظم نے اپنے عزم اور غیر معمولی کردار سے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔