شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری، 6.6 ارب روپے منظور

[post-views]
[post-views]

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ستمبر 2027 میں پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی غرض سے 6.6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی ہے۔

یہ فیصلہ پیر کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ کابینہ ڈویژن نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہانِ مملکت کی آمدورفت کے لیے 50 سے زائد بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے ابتدائی طور پر 12.6 ارب روپے مانگے تھے۔

تجویز کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے 30 گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب روپے کی منظوری دی۔ کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ مزید گاڑیوں کی ضرورت کی صورت میں پہلے تفصیلی جائزہ لیا جائے اور اضافی فنڈز درکار ہوں تو معاملہ دوبارہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔

اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تمباکو کی فصل کے لیے کم از کم اشاریاتی قیمتوں اور مالی سال 2026-27 کے لیے محصول کی شرح میں تبدیلی سے متعلق تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ تاہم کمیٹی نے فراہم کردہ وجوہات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے معاملہ مؤخر کردیا اور وزارت کو مزید وضاحت کے ساتھ تجویز دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ایک اور فیصلے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ضروری حفاظتی اقدامات اور متعلقہ معاملات کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی اجازت دے دی۔

کمیٹی نے درآمدی مائع قدرتی گیس کی عدم دستیابی کے باعث کھاد کی پیداوار برقرار رکھنے کے لیے فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظام کے تحت 30 ستمبر تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دی۔

وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی درخواست پر دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے ابتدائی سرمایہ فراہم کرنے کی غرض سے 5 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔ یہ رقم مستقل مالیاتی فنڈ کے تحت رکھی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو ہدایت کی کہ وہ 30 ستمبر 2026 تک اس منصوبے پر ٹھوس پیش رفت سامنے لائے۔ حکومت اس پروگرام کے لیے خودمختار ضمانت فراہم کرچکی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos
[youtube-feed feed=2]