پاکستان کی تین کمپنیوں، مری بروری، سسٹمز لمیٹڈ اور سازگار انجینئرنگ ورکس کو فوربز کی Asia’s Best Under a Billion 2026 فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
فوربز کے مطابق اس فہرست میں شامل چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیاں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور توانائی کی غیر یقینی قیمتوں جیسے چیلنجز کے باوجود کامیابی سے کاروبار آگے بڑھا رہی ہیں۔ فہرست میں ایشیا پیسیفک کی 200 ایسی لسٹڈ کمپنیاں شامل ہیں جن کی سالانہ فروخت 10 ملین ڈالر سے زیادہ اور ایک ارب ڈالر سے کم ہے اور جنہوں نے جائزے کے عرصے کے دوران مضبوط مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مری بروری کمپنی لمیٹڈ نے 102 ملین ڈالر کی خالص فروخت اور 92 ملین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو ریکارڈ کی۔ فوربز کے مطابق یہ کمپنی 1861ء میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی اور برصغیر کی تقسیم سے بھی پہلے وجود میں آ چکی تھی۔ کمپنی مختلف مصنوعات تیار اور فروخت کرتی ہے، جن میں الکحل پر مشتمل بیئر بھی شامل ہے۔
سسٹمز لمیٹڈ نے 286 ملین ڈالر کی فروخت جبکہ 759 ملین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو ریکارڈ کی۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، تجارت اور بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے یہ اپنے صارفین کو ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں معاونت فراہم کرتی ہے۔ پاکستان میں مضبوط موجودگی کے علاوہ سسٹمز لمیٹڈ امریکا، برطانیہ، یورپی یونین اور مشرقِ وسطیٰ میں بھی نمایاں کاروباری سرگرمیاں رکھتی ہے۔
دوسری جانب سازگار انجینئرنگ ورکس نے 389 ملین ڈالر کی فروخت اور 58 ملین ڈالر کی خالص آمدن ریکارڈ کی۔ کمپنی 1991ء میں پاکستان میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی اور 1994ء میں پبلک لمیٹڈ کمپنی بن گئی۔ اس کا بنیادی کاروبار گاڑیوں، آٹو پارٹس و لوازمات اور گھریلو برقی آلات کی تیاری اور فروخت پر مشتمل ہے، جبکہ اس کے مینوفیکچرنگ پلانٹس لاہور میں واقع ہیں۔
سازگار نے فور وہیلر گاڑیوں کے شعبے میں داخل ہو کر اپنے کاروبار کو نمایاں طور پر متنوع بنایا۔ کمپنی نے چینی آٹو موبائل ساز ادارے گریٹ وال موٹر کے ساتھ شراکت داری کی، جس کے تحت پاکستان میں ہاول ایس یو ویز تیار اور اسمبل کی جاتی ہیں۔
جولائی 2022ء میں سازگار نے ہاول گاڑیوں کی تیاری کے لیے اپنی مینوفیکچرنگ سہولیات مکمل کیں، جبکہ اگست 2022ء میں مقامی طور پر اسمبل کی جانے والی پہلی گاڑیوں، H6 1.5T اور 2.0T، کی تیاری شروع کی گئی۔







