چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں جمہوری ماحول دیگر صوبوں اور شہروں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔ کراچی میں شاہراہ بھٹو کے پہلے مرحلے کی تکمیل اور افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد شہید بے نظیر بھٹو کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوری 2025 میں منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا تھا اور اب اسے مکمل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کراچی کو ملک کی معاشی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے لوگ روزگار اور بہتر مواقع کے لیے کراچی کا رخ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ این آئی سی وی ڈی سمیت مفت علاج کی سہولیات کو عوام کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کیٹی بندر پورٹ اور سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر جیسے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی اور جنگوں کا اصل بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں، جبکہ امن سے معاشی مسائل میں کمی آسکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی عالمی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور کراچی کو بھی دفاعی صنعت کا اہم مرکز بنایا جائے گا۔









