پی ٹی آئی نے 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق وائٹ پیپر جاری کر دیا۔

پارٹی نے 180 سیٹوں کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے جمعرات کو اسلام آباد میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کے انتخابات میں 180 نشستیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیٹیں دیگر پارٹیوں کو فارم 47 کے ذریعے دی گئیں۔ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ انہوں نے مبینہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی کیس ابھی تک سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کے علم میں لانے کے لیے 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کیا کہ ان کا مینڈیٹ کیسے چرایا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری جیت کو فارم 47 میں انتخابی نتائج میں جوڑ توڑکے ذریعے شکست میں بدل دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ وائٹ پیپر بین الاقوامی اداروں، غیر ملکی میڈیا اور اخبارات کی رپورٹس پر مبنی ہے۔ انہوں نے انتخابات میں دھاندلی کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے انتخابی اصلاحات کرنے پر بھی زور دیا۔

پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کو عام انتخابات اپنے نشان ’بلے‘ کے بغیر لڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ ای سی پی کو ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اربوں روپے دیے گئے۔

انہوں نے الیکشن آرگنائزنگ باڈی پر ملک میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا  کہ”ہم چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں” ۔

آٹھ فروری کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) دوسرے نمبر پر رہی۔

تاہم، مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت سے مرکز میں مخلوط حکومت بنائی اور بعد میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں واحد سب سے بڑی جماعت بن گئی۔

پی ٹی آئی کومخصوص نشستیں نہیں دی گئی ۔

Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos