خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں نئے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کر دی گئی۔ جبکہ ضلع میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 18 گریڈ کے اشفاق خان کو ڈپٹی کمشنر کرم تعینات کر دیا گیا۔ جاوید اللہ محسود کے زخمی ہونے کے بعد اشفاق خان کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
واضح رے کہ سابق ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود گزشتہ روز فائرنگ میں زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرم میں 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔ جبکہ ضلع کرم میں اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔
ضلع کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں ایڈیشنل ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں اقدام قتل سمیت دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
متن کے مطابق ڈی سی کرم صدی سے بگن آ رہے تھے۔ کہ 25 کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔