آرمی چیف کے اختیارات میں توسیع، چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ تجویز

[post-views]
[post-views]

حکومت پاکستان نے آئین میں ستائیسویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت ایک وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

مجوزہ مسودے کے مطابق، یہ عدالت آئین کی تشریح اور آئینی تنازعات کے فیصلے کرے گی۔ آئین کا آرٹیکل 184 ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے بعد ازخود نوٹس (سو موٹو) کا اختیار سپریم کورٹ سے واپس لے کر وفاقی آئینی عدالت کو دے دیا جائے گا۔ اب آئینی نوعیت کے مقدمات سپریم کورٹ کے بجائے وفاقی آئینی عدالت میں سنے جائیں گے۔

ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کو صرف اپیلوں اور عمومی نوعیت کے مقدمات تک محدود کیا جائے گا۔ نئی عدالت میں چیف جسٹس سمیت چاروں صوبوں سے مساوی نمائندگی ہوگی، جبکہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کی مدت ملازمت تین سال مقرر کی گئی ہے۔ اس تبدیلی کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کی آئینی حیثیت محدود ہو جائے گی، اور سپریم کورٹ و آئینی عدالت کے درمیان اختیارات کی واضح تقسیم متعارف کرائی جائے گی۔ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے تمام عدالتوں پر لازم ہوں گے۔

مسودے میں فوجی ڈھانچے میں بھی نمایاں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ مزید برآں، فیلڈ مارشل اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدوں کو تاحیات درجہ دینے کی سفارش بھی شامل ہے۔

ستائیسویں ترمیم کے ذریعے ججوں کی تقرری کا طریقہ کار بھی بدلا جائے گا۔ نئے جوڈیشل کمیشن میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت، دونوں کے چیف جسٹس شامل ہوں گے، جبکہ وزیر اعظم اور صدر مملکت کو تقرریوں میں مرکزی کردار دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کو آئینی عدالت کے ججوں کی تعداد طے کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ اس مقصد کے لیے آئین کے آرٹیکلز 42، 63 175 تا 191 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

ماہرین قانون کے مطابق، مجوزہ ترمیم سے سپریم کورٹ کے اختیارات میں نمایاں کمی واقع ہو گی اور یہ عدلیہ و انتظامیہ کے درمیان طاقت کے توازن میں بنیادی تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔ دوسری جانب، اپوزیشن جماعتوں نے مجوزہ ترمیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور سیاسی حلقوں میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے بحث میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos