امریکی دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر سی کرسٹین فیئر نے بھارت کے اُس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستانی جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ انہوں نے اس دعوے کو “بکواس” قرار دیا اور کہا کہ اس کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔
یہ بات انہوں نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کے شو دی انٹرویو ود کرن تھاپر پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کرن تھاپر نے ان سے سوال کیا کہ بھارتی ایئر مارشل بھارتی کا یہ دعویٰ کہ بھارتی فضائیہ نے کئی پاکستانی طیارے گرائے ہیں، آپ کس نظر سے دیکھ رہی ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ سیٹ لائٹ تصاویر کے مطابق پاکستان کے ایئر بیسز، جیسے چکلالہ، رحیم یار خان، سرگودھا، جیکب آباد اور بھولاری، کو شدید نقصان پہنچا۔
اس پر ڈاکٹر فیئر نے واضح طور پر کہا کہ ایسے کسی بڑے نقصان کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ انہوں نے بھارت کے اس دعوے کو بھی جھوٹا قرار دیا کہ پاکستان کا 20 فیصد فضائی بیڑا ناکارہ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا: “یہ ایک حیران کن اور بالکل جھوٹا دعویٰ ہے۔ میں نے اس سے پہلے کبھی ایسی بات نہیں سنی۔”
جب کرن تھاپر نے ایک بار پھر پوچھا کہ ایئر مارشل بھارتی کا دعویٰ ہے کہ بھارتی فضائیہ نے کئی پاکستانی طیارے گرائے، تو آپ اس پر کیا کہیں گی؟ ڈاکٹر فیئر نے سیدھے الفاظ میں کہا: “بکواس۔ اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔”
ان کا بیان بھارت کے دعوؤں پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ان کے پاس اپنے بیانات کے لیے کوئی قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ہے۔