پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے عمر ایوب کے استعفے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفا دے دیا ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفا دے دیا اور قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کسی گروپ کا حصہ نہیں ہیں اور نہ کبھی ہوں گے۔
کسی کا نام لیے بغیر، انہوں نے بعض افراد پر ذاتی مفادات رکھنے اور پارٹی کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا، انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس فیصلہ سازی کا کوئی اختیار نہیں اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان تک ان کی رسائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عمران خان سے ملتے ہیں اور ہمیں ان سے ملنے نہیں دیتے۔
پی ٹی آئی ایم این اے کا مزید کہنا تھا کہ انہیں صرف پارٹی کی پالیسیوں اور فیصلوں سے آگاہ کیا جاتا ہے اور پارٹی قیادت ان کے تحفظات سننے کو تیار نہیں۔
جنید اکبر نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ مل کر احتساب کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔
یہ استعفا پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
عمر ایوب جو کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں، نے 22 جون کو اپنا استعفاپیش کیا تھا جسے بانی چیئرمین عمران خان نے قبول کر لیا ہے۔
اپنے استعفے میں ایوب نے لکھا کہ ان کے لیے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر کام جاری رکھنا اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپنی ملازمت کا جواز پیش کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ پی ٹی آئی کے مرکزی مالیاتی بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی ورکر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.